ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں سڑک حادثات کے سدباب کے لئے تنظیم اور فیڈریشن کے اشتراک سے اسپورٹس سنٹر وں کے ذریعے کوشش

بھٹکل میں سڑک حادثات کے سدباب کے لئے تنظیم اور فیڈریشن کے اشتراک سے اسپورٹس سنٹر وں کے ذریعے کوشش

Sat, 11 Sep 2021 20:40:23    S.O. News Service

بھٹکل: 11؍ستمبر(ایس اؤ نیوز)بھٹکل شہر کے حدود میں دن بدن  سڑک حادثات کا اضافہ ہورہاہے، قیمتی جانیں تلف ہورہی ہیں اور زیادہ تر  زخمی ہوکر بستر پر پڑے رہتے ہیں جو ایک طرح سے  گھروالوں پر مالی اخراجات کا  بوجھ بن رہے ہیں ،  تھوڑی سی لاپرواہی اور غفلت ، بے توجہی سے ہونےو الے حادثات کی روک تھام کے لئے  مجلس اصلاح وتنظیم اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے اشتراک سے اسپورٹس سنٹروں کے ذریعے محلے وار کم عمر بچوں کی رائڈنگ پر قد غن لگانے کی کوشش کئے جانےکی جانکاری تنظیم کے جنرل سکریٹری ایم جے عبدالرقیب نے   دی ۔

وہ یہاں تنظیم دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بائک رائڈنگ کے دوران ٹرافک اصولوں پر عمل پیرا رہناہرایک لئے ضروری ہے، خاص کر  ڈرائیونگ لائسنس،انشورنس، لائسنس و انشورنس کی تجدید وغیرہ دستاویزات ہوں ، تیز رفتاری نہ ہو، رائڈنگ کے دوران میں موبائیل کا استعمال نہ ہو،لازمی طورپر  ہیلمٹ پہنیں، تریبل سیٹ نہ جانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں کم عمر بچوں کابائک چلانا بہت بڑا مسئلہ بنتا جارہاہے، کم عمر کے بچوں کا بائک رائڈ کرنا ہی حادثات کو دعوت دینے کے برابر ہے، بچے ذہنی طورپر پختہ نہیں ہوتے ہیں اس لئے انہیں قانون کی جانکاری بھی نہیں ہوتی ہےاس لئے بچوں کو بائک نہ دیں اور اس سلسلے میں توجہ دینےکی سخت ضرورت ہے۔بچوں کا بائک رائڈ کرنا نہ صرف اپنے لئے  بلکہ دوسروں کے لئے بھی خطرے کا باعث بنتےہیں۔انہوں نے والدین اور سرپرستوں سےکہاکہ اگر بچے بائک رائڈ کرتےہیں تو قانونی طورپر والدین کو  25ہزار روپیوں  کا جرمانہ اد اکرنا ہوتاہے یا پھر انہیں  تین سال کی سزاکاٹنی ہوگی۔ انہوں نے جانکاری دی کہ ایک سروے کے مطابق 70فی صد سڑک حادثات کی اہم وجہ  تیز رفتاری ہے۔

بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولوی عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے کہاکہ چھوٹے بچوں کو بائک دے کر خود اپنی ہلاکت کا سامان نہ کریں،قرآن میں بھی کہاگیا ہے کہ  خود اپنے آپ کو ہلاکت میں مت ڈالو۔آئے دن ہم دیکھ رہے ہیں کہ  چھوٹے چھوٹے بچوں کو بائک دی جارہی ہے،حالیہ دنوں میں ہوئے سڑک حادثات  میں کم عمر کے بچے ہلاک ہورہے ہیں۔ انہوں نے اسپورٹس سنٹروں کے عہدیداروں سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے اسپورٹس سنٹر اس سلسلےمیں خصوصی میٹنگوں کاانعقاد کرتےہوئے محلہ کا سروے کریں ، کون کونسےکم عمر کے بچے بائک رائڈ کرتےہیں ان کے والدین سے ملاقات کرتےہوئے انہیں اس سلسلےمیں گفتگو کریں اور بچوں کو کسی حال میں بھی بائک نہ دینےکی اپیل کریں۔ اسی طرح انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی فکر کریں ، انہیں مطلق بائک نہ دیں اور نہ ہی دوسروں کے لئے خطرہ بنیں۔

اس کے سدباب میں اسپورٹس سنٹرس کا اہم رول ہےسبھی اسپورٹس سنٹرس  اپنےاپنے محلوں میں اس پر خاص توجہ دیں، ملاقاتوں وغیرہ کے ذریعے اس پر روک لگائیں۔انہوں نے ایک اور اہم مسئلےکی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ آج کل بچے موبائیل پر آن لائن گیمس کھیل رہےہیں جو کسی بھی طرح خطرے سے خالی نہیں ہے، آن لائن گیم کے ذریعے کافی رقم برباد کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی آن لائن گیمس میں شریک افراد کہاں سےہیں کن ممالک سے ان کا تعلق ہے کوئی نہیں جانتا۔ اس سلسلےمیں خاص توجہ دیں اور بچوں کو گیم کھیلنےسے دور رکھنےکی اپیل کی۔اس موقع پر تنظیمی سکریٹری جیلانی شاہ بندری، وکیل عمران لنکا، فیڈریشن کےنائب صدر اسماعیل انجم گنگاولی وغیرہ موجود تھے۔ 


Share: